اسلام آباد: سعودی عرب نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے پاکستان کو122 ملین ڈالرز دینے کا اعلان کر دیا ۔
یہ مالی معاونت 55 ملین ڈالرز قرض جبکہ 67 ملین ڈالرز گرانٹ کی پانچ اقساط کی صورت میں ہو گی۔
جمعرات کو پاکستانی اور سعودی حکام نےایک تقریب میں قرض اور گرانٹس کے معاہدے پر دستخط کیے۔اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
معاہدے کے مطابق، پانچوں گرانٹس اسلام آباد میں ہوم اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز کالج اور بلوچستان میں سرکاری عمارات اور مکان بنانے میں خرچ ہوں گی۔
اسی طرح، 55 ملین ڈالرز کا قرضہ آزاد کشمیر میں مظفر آباد کے قریب دو سرنگیں بنانے میں استعمال ہو گا۔
اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب میں توانائی پیدا کرنے والے منصوبوں مثلا نیلم-جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ سمیت سوشل سیکٹر میں ترقیاتی کاموں کیلئے سعودی مالی معاونت کو سراہا۔
سعودی فنڈ برائے ترقی کے انجینئر یوسف ابراہیم نے بتایا کہ پاکستان کے کچھ علاقوں میں سیلاب اور زلزلے جیسی قدرتی آفات کے اثرات سے نمٹنے کیلئے سعودی عرب اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پیش رفت کا ایک مقصد داخلی طور پر بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کی مدد کرنا بھی ہے۔
0 Comments: