ناگپور: زمبابوے کرکٹ ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کے پہلے مرحلے میں گروپ بی کے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 11 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کرلی۔
ہندوستان کے شہر ناگپور میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کرپہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
زمبابوے کے ابتدائی بلے باز اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور پہلی وکٹ 17 کے اسکور پر گری جب مسکاڈزا 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ووسی سبانڈا 4 رنز بنا کر 19 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
رچمنڈ موٹمبامی 51 کے اسکور پر آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے جنھوں نے 19 رنز بنائے، سکندر رضا 9 رنز بنا سکے۔
زمبابوے کی جانب سے سین ولیمز نے سب سے زیادہ 53 رنز بنائے اور ایلٹن چیگمبرا 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سےالیسڈیئرایونز، مارک ویٹ اور صفیان شریف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم، زمبابوے کے فاسٹ باؤلرویلنگٹن مساکاڈزا کی بہترین باؤلنگ کے سامنے 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
رچی بیرنگٹن 36 رنز بنا کر اسکاٹ لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے، مومسین 31 اور ڈیوی 24 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز تھے۔
اسکاٹ لینڈ کے 8 بلے باز دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرپائے۔
زمبابوے کی جانب سے مساکاڈزا نے 4، چتارا اور ٹریپانو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ویلنگٹن مساکاڈزا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
افغانستان کی ہانگ کانگ کے خلاف فتح
ناگپور میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔
ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بینٹگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کو محمد نبی نے غلط ثابت کرتے ہوئے انھیں بڑا اسکور ترتیب دینے سے باز رکھا۔
انشمن راتھ 28 اور کیمبل 27 کے سوا کوئی اور بلے باز خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔
ایٹکنسن 16 اور کنچت شاہ 11 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے، تنویر افضل 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہانگ کانگ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 4، راشد خان اور گلبدین نائب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ایک آسان ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی جانب سے محمد شہزاد اور نورعلی زیدران نے 70 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
محمد شہزاد جنھوں نے پہلے میچ میں ٹیم کو فتح دلائی تھی اس میچ میں بھی سب سے کامیاب بلے باز رہے اور 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد نبی آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے جو 17 رنز بنانے کے بعد کیمبل کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور شفیق اللہ 3 رنز بنا کر ندیم احمد کی گیند پر انھی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
نجیب اللہ زیدران 17 اور گلبدین نائب 4 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
افغانستان نے 117 رنز کا مقررہ ہدف دو اوور قبل صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
محمد نبی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
افغانستان نے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 14 رنز سے شکست دی تھی جبکہ ہانگ کانگ کو زمبابوے کے ہاتھوں 14 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
0 Comments: