کراچی: ساحل پر 2 گاڑیاں مبینہ طور پر ریس لگاتے ہوئے سمندر میں ڈوب گئیں البتہ گاڑیوں کے سمندر میں ڈوبنے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
کراچی کے ساحل سی ویو پر مبینہ طور پر رات کے 4 بجے دو کار سوار ریس لگا رہے تھے کہ اس دوران دونوں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں پانی میں چلے گئے جس سے گاڑیاں سمندر میں ڈوب گئیں۔
فوری طور پر تو کسی کو اندازہ نہیں ہو سکا کہ گاڑیوں میں کتنے لوگ سوار ہیں البتہ ریسکیو اداروں کو مطلع کر دیا گیا۔
امدادی کارکن جب سمندر میں پانی میں ڈوبی ہوئی گاڑیوں تک پہنچے اور ان کے اندر دیکھا تو کوئی کار سوار موجود نہیں تھا۔
موقع پر موجود افراد کا کہنا تھا کہ دونوں کار سوار ریس لگا رہے تھے لیکن جب گاڑیاں سمندر میں چلی گئی تو وہ گاڑیاں پانی میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
سوشل میڈیا پر حادثے کی تصاویر تیزی سے گردش کر رہی ہیں جس میں واقعہ کی وجوہات پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔
یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ یہ کہیں خود کشی کی کوشش تو نہیں تھی، یا یہ گاڑیاں کسی واردات میں استعمال ہونے کے بعد سمندر برد کرنے کی کوشش تو نہیں ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے مشینری کے ذریعے ایک گاڑی تو نکال صبح ہی نکال لی تھی تاہم دوسری گاڑی نکالنے کے لیے کافی تگ ودو کرنی پڑی۔
پولیس کی جانب سے بھی معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اکثر ساحل پر نوجوانوں کی جانب سے ریس لگائے جانے کے دوران حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے اس کے تدارک کے لیے اقدامات دیکھنے میں نہیں آتے، تاہم بعض اوقات دفعہ 144 نافذ کر کے پولیس کے ذریعے شہریوں کے ساحل پر جانے پر مکمل پابندی لگا دی جاتی ہے۔
0 Comments: