Navigation Menu

دہشتگردی مشترکہ مسئلہ مل کر نمٹا جا سکتا ہے


لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے برطانیہ کے وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ، تعلیم، صحت ، سکل ڈویلپمنٹ اور سیکورٹی امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں حالیہ برسوں میں خاطرخواہ وسعت آئی ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور حکومت میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کے نئے دور کی ابتدا ہوئی ہے ۔ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ”ڈیفڈ“کے اشتراک سے پنجاب میں تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں کی بہتری کیلئے بے پناہ کام کیا جا رہاہے اور تعلیم ، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں اصلاحات لائی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوا نوں کو فنی تربیت کی فراہمی اور انہیں با اختیار بنانے پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ نہ صرف وہ اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو سکیں بلکہ معیشت کی مضبوطی میں بھی بھرپور کردار ادا کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے تاریخ ساز اقدامات کئے گئے ہیں اور خواتین کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گزشتہ چند برس کے دوران ایسی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں جن سے وہ عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کر رہی ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ سے انتہاپسندانہ رحجانات کا خاتمہ کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کے ساتھ ضروری قانون سازی بھی کی گئی ہے ۔ دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس چیلنج سے مشترکہ کوششوں کے ذریعے نمٹا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ، سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک صفحے پر ہیں اور قائدؒ کے ویژن کے مطابق تحمل اور برداشت پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے کے مشن پر گامزن ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں برطانیہ کے ٹیکس پیئرز کے پیسے کا درست، بروقت اور شفاف استعمال یقینی بنایا گیا ہے اور ہم پنجاب میں تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں گرانقدر تعاون پر حکومت برطانیہ کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ کے بعض امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے شہروں کو پرامن اور محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام جاری ہے۔ پنجاب کے دیگر چار بڑے شہروں ملتان، فیصل آباد ، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں بھی سیف سٹیز پراجیکٹ شروع کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امن عامہ کی بہتری اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے سیف سٹیز پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوںنے کہا کہ شہروں کو محفوظ بنانے کے حوالے سے سیف سٹیز پراجیکٹ کا آغاز انتہائی موثر اقدام ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی میں بھی مدد ملے گی – شہباز شریف نے کہا کہ سیف سٹیز پراجیکٹ کو پیشہ ورانہ انداز میں تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ سیف سٹیز پراجیکٹ ہر لحاظ سے سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہو گا۔ منصوبے کو شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں سیف سٹیز پراجیکٹ کا منصوبہ ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔ پنجاب حکومت نے مختلف اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جمہوریہ بیلاروس کے وزےر صنعت وےٹالے میخائلووچ ووک نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور بیلا روس کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے اور زراعت، انڈسٹریز، مائننگ اور جنگلات کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب اور بیلاروس کا زراعت، انڈسٹریز، مائننگ اور جنگلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر بارٹر ٹریڈ سسٹم کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں مستقبل کیلئے جلد لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ بیلا روس کے وزیر صنعت نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو بیلاروس کے دورے کی باقاعدہ دعوت بھی دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے وزیر صنعت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز اور زرعی شعبے میں بیلاروس کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے بزنس وفود کے زیادہ تبادلوں سے تعلقات معاشی تعاون میںبدل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیلا روس کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں ہر طرح کی سہولت دی جائے گی تاکہ معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے بیلاروس کے دورے کی باقاعدہ دعوت پر وزیر صنعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی پہلی فرصت میں بیلاروس کا دورہ کروں گا۔ ملاقات میں بیلاروس اور پنجاب حکومت کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گردے کے امراض سے متعلق آگاہی نہایت ضروری ہے تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے مرض سے محفوظ رہا جا سکے۔ گردہ انسانی جسم کا ایک اہم جزو ہے اور خون کو صاف رکھنے کے ساتھ کیمیائی طور پر خون کو متوازن رکھتا ہے اس لئے گردے کے بنیادی امراض سے آگاہی صحت مند زندگی کیلئے ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گردوں کے امراض سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ورلڈ کڈنی ڈے منانے کا مقصد گردے کی اہمیت اور امراض سے متعلق آگاہی دینا ہے تاکہ صحت مند انسان گردوں کے مرض سے محفوظ رہ سکے اور بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے پنجاب میں ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں اور پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں گردے کے مریضوں کو مفت ڈائلسیز کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹر کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو کہ جگر اور گردے کے امراض کیلئے انتہائی اہمےت کا حامل ہے۔انسٹی ٹیوٹ میں گردے کے ٹرانسپلانٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کوسگیب کے صدر رجب بصیر کی قیاد ت میں ترکی کی سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میںپنجاب اور ترکی کا سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز(ایس ایم ایز) کے فروغ اور فنی، ووکیشنل اور سکل ٹریننگ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا-ملاقات میں ایس ایم ایز کے فروغ اور فنی، ووکیشنل اور سکل ٹریننگ کے حوالے سے اتفاق رائے سے مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا-وزیر اعلی شہباز شریف نے ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی دوستی کے لازوال بندھن میں پروئے ہوئے ہیں اور ترکی کی متعدد کمپنیاں پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ترکی نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے فروغ اور سکل ڈویلپمنٹ بے پناہ ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں معیاری ہنر سکھا کر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ معیاری ہنرمند افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر سکل ڈویلپمنٹ کا فروغ وقت کا تقاضا ہے۔مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق معیاری ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔پنجاب حکومت نے آئندہ اڑھائی برس میں 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سیکرٹری ہاﺅسنگ پنجاب عاصم اقبال کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

0 Comments:

'; (function() { var dsq = document.createElement('script'); dsq.type = 'text/javascript'; dsq.async = true; dsq.src = '//' + disqus_shortname + '.disqus.com/embed.js'; (document.getElementsByTagName('head')[0] || document.getElementsByTagName('body')[0]).appendChild(dsq); })();

Follow @ FOASNEWS