کراچی: شہر قائد کے علاقے عزیزآباد میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم کاشف عرف ڈیوڈ کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے علی الصبح عزیز آباد مور پارک قریب سرچ آپریشن کیا، جس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: 'کراچی آپریشن مکمل طور پر غیر سیاسی ہے'
رینجرز عہدیدار کرنل فیصل کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نائن زیرو کے قریب آپریشن کے دوران ملزم محمد کاشف عرف ڈیوڈ کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزم کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے، ملزم انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر تھا اور طویل عرصے سے بیرون ملک مفرور تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کی نشاندہی پر رینجرز اہلکاروں نے مخصوص گھروں کی تلاشی لی، جہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
قبضے میں لیے جانے والے اسلحے میں بارودی مواد، کلاشنکوف، ایل ایم جیز، آر پی جیز اور گولیوں کے علاوہ رینجرز کی وردیاں بھی شامل ہیں۔
ملزم کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
0 Comments: