پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت کی پیشکش کردی، جس پر سیمی نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پیشکش قبول کرلی۔
وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی کی خصوصی درخواست پر ہم ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت کی پیشکش کر رہے ہیں۔
جس پر سیمی نے جوابی ٹوئیٹ کی اور لکھا خٹک صاحب بہت بہت شکریہ، سر آنکھوں پر قبول ہے۔
سیمی نے اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں لکھا کہ انھوں نے پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی سے پشتو سیکھی تھی، جو ایک بہت میٹھی زبان ہے اور اب میں ایک پختون زلمی ہوں۔
ڈیرن سیمی رواں برس ہونے والی پہلی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں جاوید آفریدی کی ٹیم پشاور زلمی کا حصہ تھے، زلمی نے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم فائنل تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔
پاکستان میں ڈیرن سیمی نے پشتو زبان سیکھی اور بقول ان کے اب وہ اچھی خاصی پشتو سیکھ چکے ہیں، جس کا اظہار وہ ٹوئٹر پر بھی اکثر اوقات کرتے رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ماہ ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں ہندوستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے پر جب ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کو پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے پشتو میں مبارک باد دی تو سیمی کی جانب سے بھی اس کا جواب پشتو میں آیا تھا۔
جاوید آفریدی نے ٹوئٹر پر سیمی کو اپنے پیغام میں کہا کہ پورے پاکستان کی جانب سے آپ کو بہت بہت مبارک ہو۔
ڈیرن سیمی نے اس کا جواب پشتو میں ہی دیا اور کہا کہ بہت بہت مہربانی بھائی۔
ڈیرن سیمی کی قیادت میں ویسٹ انڈیز ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں فتح حاصل کی، جس کے بعد پشاور زلمی نے اپنے کھلاڑی اور ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کیلیے 20 ہزار ڈالر کے انعام کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور زلمی کا سیمی کیلئے انعام کا اعلان
جس پر سیمی نے ٹیم کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد از جلد اپنے پاکستانی شائقین تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم دوسری مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے والی دنیا کی واحد ٹیم ہے اور اس نے دونوں مرتبہ یہ اعزاز ڈیرن سیمی کی قیادت میں حاصل کیا۔
0 Comments: