اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان کے مطابق وزیراعظم نواز شریف تقریباً دو ارب روپے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ایک ارب 31 کروڑ روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے عوام کے منتخب نمائندوں کےمالی اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک وزیراعظم کی کوئی جائیداد نہیں جبکہ وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز کے پاس تین گاڑیاں اور دو ٹریکٹر موجود ہیں۔
اس کے علاوہ کلثوم نواز کے پاس 20 لاکھ مالیت کے جانور اور پرندے بھی ہیں۔
وزیراعظم کو ان کے صاحبزادے حسین نواز نے 21 کروڑ 56 لاکھ بیرون ملک سے بھجوائے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کے بنی گالہ اور زمان پارک والے گھر سمیت ان کے اثاثوں کی موجودہ مالیت 1 ارب 31 کروڑ روپے ہے۔
عمران خان کو تحفہ میں ملنے والے بنی گالہ کے گھر کی مالیت 75 کروڑ جب کہ وراثت میں ملنے والے زمان پارک کے گھر کی مالیت 22 کروڑ روپے ہے۔
ان کے پاس 50 لاکھ روپے مالیت کی پراڈو گاڑی بھی ہے۔
عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات میں ان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کے اثاثوں کی تفصیلات بھی موجود ہیں جن کے بینک اکاونٹس میں 52 لاکھ روپے موجود ہیں۔
عمران خان کے پاس بھی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے اثاثوں کی کل مالیت 4 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد ہے، مولانا فضل الرحمٰن 68 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، حمزہ شہباز شریف 34 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وراثت میں ملنے والی زمین کی مالیت ظاہر نہیں کی تاہم ان کے بینک اکاونٹس میں 2 کروڑ 28 لاکھ روپے موجود ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 44 لاکھ روپے ہے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق 9 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے اثاثوں کی کل مالیت 26 لاکھ 97 ہزار روپے سے زائد ہے۔ وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر 1 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
تفصیلات میں بتایا گیا کہ وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے اثاثوں کی مالیت 1 ارب 31 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
جمشید دستی ایک بار پھر سب سے غریب رکن اسمبلی ہیں جن کے پاس صرف 2 ہزار 653 روپے موجود ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کی دستاویز میں موجود نہیں۔
0 Comments: