سفید دانتوں کی چمک سے اپنی مسکراہٹ کو جگمگانا کس کی خواہش نہیں ہوتی اور لاتعداد افراد اس مقصد کے لیے ہزاروں روپے ڈینٹسٹ کو دے کر ان کی صفائی بھی کرواتے ہیں مگر کیا آپ اس فوری کام کرنے والے اس گھریلو نسخے کو آزمانا پسند کریں گے؟
درحقیقت موتیوں جیسے چمکتے دانت تو آج کے دور میں خوبصورتی کے معمولات میں شامل ہوچکے ہیں جیسے بالوں کو رنگوانا وغیرہ۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ اپنی مسکراہٹ کو جگمگانے کے لیے آپ کو بہت زیادہ خرچہ کرنے بلکہ کسی قسم کے خرچے کی ضرورت نہیں۔
موتیوں جیسے جگمگاتے دانتوں کے لیے یاہو نیوز پر ایک بلاگر کا نسخہ پیش کیا گیا ہے جو اس کے بقول انتہائی آسان اور منٹوں میں دانت صاف کردیتا ہے۔
تاہم اسے پہلی دفعہ آزمانے سے کوئی بہت زیادہ واضح فرق نظر نہیں آئے گا بلکہ ہفتے میں کچھ بار کرنے کے بعد کارآمد ثابت ہوگا اور جلد دانت جگمگانے لگیں گے۔
اس کے لیے ایک چائے کے چمچ ناریل کے تیل میں ایک چٹکی ہلدی کو ملا کر ایک پیسٹ بنالیں۔
اب اس پیسٹ سے اپنے دانتوں پر برش کریں اور اسے پانچ منٹ تک دانتوں پر لگا رہنے دیں، جس کے بعد اسے دھوئیں گے تو دانتوں کی صفائی بتدریج بہتر ہونے لگے گی اور کچھ بعد وہ جگمگانے لگیں گے۔
تاہم اس نسخے کو آزمانے کے باعث آپ کا ٹوتھ برش ضرور زرد ہوجائے گا۔
اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہلدی جراثیم کش مصالحہ ہے جو دانتوں سے بیکٹریا کو صاف کرتی ہے اور منہ کی صحت کو بھی بہتر بناتی ہے، جبکہ ناریل کا تیل داغ صاف کرتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
0 Comments: