پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے 'پاکستان کپ' کے نام سے اعلیٰ معیاری ڈومیسٹک ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے جس میں چاروں صوبوں اور وفاق سمیت مجموعی طورپر پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصل آباد میں 19 اپریل سے یکم مئی تک 'پاکستان کپ' کے نام سے ون ڈے میچز کا ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کیا ہے جس میں چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور فیڈرل کیپیٹل سمیت پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ کی قیادت قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد جبکہ کوچنگ عملے میں توصیف احمد اور اقبال امام شامل ہوں گے۔
بلوچستان کی قیادت پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی کے سپرد ہو گی جبکہ اعجاز احمد اور تیمور اعظم کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
پنجاب کے کپتان آل راؤنڈر شعیب ملک ہوں گے، کوچنگ کی ذمے داریاں محتشم رشید اور عتیق الزمان سنبھالیں گے، خیبر پختوانخواہ کے کپتان تجربہ کار اسٹار بلے باز یونس خان کوچنگ پینل میں عبدالرحمان اور کبیر خان شامل ہیں۔
وفاق کی ٹیم کی قیادت پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کریں گے جبکہ کوچنگ کی ذمے داریاں منصور رانا اور صبیح اظہر سنبھالیں گے۔
پی سی بی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور مسابقتی فضا بڑھانے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کا معاوضہ 100 فیصد بڑھا دیا ہے۔
ماضی کی روایات کے برعکس پاکستان کپ میں کوچ اور کپتان کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹ کے ذریعے کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایونٹ میں پاکستان کے صف اول کے 75 کرکٹرز حصہ لیں گے جبکہ ڈرافٹ میں 150 کرکٹرز کے نام شامل ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کا انعقاد 19 اپریل سے یکم مئی تک فیصل آباد میں ہو گا۔
0 Comments: