Navigation Menu

’کشمیرکے بغیر پاک۔ہند تعلقات معمول پرنہیں آسکتے‘


نئی دہلی: ہندوستان میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط کا کہنا ہے کہ ہندوستان سے پرامن تعلقات کے لیے پاکستان میں قومی اتفاق رائے موجود ہے، تاہم مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر تعلقات معمول پر نہیں لائے جاسکتے۔
ہندوستانی دارالحکومت نئی دہلی میں فارن آفس کلب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبد الباسط نے کہا کہ کسی کو اس بات میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ خود مختاری اور باہمی دلچسپی کی بنیاد پر پرامن تعلقات چاہتا ہے اور اس حوالے سے پاکستان میں قومی اتفاق رائے موجود ہے۔
تاہم دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن کے لیے کوئی شارٹ کٹ راستہ نہیں اور اس کے لیے ہمیں تسلسل کے ساتھ جامع اور بامقصد مذاکرات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس حقیقت کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ جموں و کشمیر کا تنازع دونوں ممالک کے درمیان باہمی بداعتمادی اور دیگر دوطرفہ مسائل کی بنیادی وجہ ہے، اس لیے دوطرفہ مذاکرات میں اس مسئلے کو پش پشت نہیں ڈالا جاسکتا اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس کا حل نکالنا ضروری ہے۔
عبد الباسط نے نام لیے بغیر ہندوستانی ایجنسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی حالیہ گرفتاری پاکستانی موقف کا ناقابل تردید ثبوت ہے، ایسے عناصر سے بہ خوبی واقف ہیں جو پاکستان میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کررہے ہیں، تاہم وہ ناکام ہوں گے کیونکہ پاکستانی عوام ملک میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے لیے ہندوستانی ٹیم کی پاکستان آمد کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کلبھوشن تک رسائی کی ہندوستانی درخواست پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ ماہ کلبھوشن کے بعد بڑی تعداد میں دہشت گرد گرفتار کیے جو غیر ملکی مدد سے نیٹ ورک چلارہے تھے، پاکستان میں ایسے عناصر کی موجودگی تکلیف دہ ہے تاہم ایسے عناصر کے خلاف پاکستان کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے ملکی معیشت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معیشت تیزی سے بہتر ہورہی ہے، ملک میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور توانائی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے بھی ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے۔

0 Comments:

'; (function() { var dsq = document.createElement('script'); dsq.type = 'text/javascript'; dsq.async = true; dsq.src = '//' + disqus_shortname + '.disqus.com/embed.js'; (document.getElementsByTagName('head')[0] || document.getElementsByTagName('body')[0]).appendChild(dsq); })();

Follow @ FOASNEWS