ٹورنٹو میں جاری انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (ٹی آئی ایف ایف) کے دوران ایک ہارر فلم 'را' کی اسکریننگ کے دوران متعدد افراد فلم میں دکھائے جانے والے خوف ناک مناظر کو برداشت نہ کرسکے اور ہوش ہوگئے۔
جی ہاں یہ واقعہ فلم فیسٹیول میں فرانسیسی زبان میں بنائی جانے والی فلم کی اسکریننگ کے دوران پیش آیا جس میں دکھائے جانے والے مناظر ناظرین کے لیے کچھ زیادہ ہی خوفناک ثابت ہوئے۔
بے ہوش ہونےو الے ناظرین کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ وہاں موجود دیگر افراد میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔
فلم فیسٹیول کے مارکیٹنگ منیجر ریان وارنر نے بھی اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ " ایک ایمبولینس کو اس وقت طلب کیا گیا جب فلم دیکھتے ہوئے کئی افراد بے ہوش ہوگئے"۔
یہ فلم ڈائریکٹر جولی ڈیوکورناﺅ کی پہلی کاوش ہے جس میں ایک سبزی خور ویٹرنری طالبہ کو دکھایا گیا ہے جو بتدریج آدم خوری کرنے لگتی ہے۔
اس فلم کی اسکریننگ رات گئے ہوئی اور ڈائریکٹر کا اس سے پہلے کہنا تھا کہ وہ ناظرین کے ردعمل کے بارے میں سننے کے لیے پرجوش ہیں۔
یہ فلم اس سے پہلے مئی میں کانز فلم فیسٹیول میں بھی دکھائی گئی تھی جہاں اسے FIPRESCI کریٹکس پرائز سے نوازا گیا تھا۔
ابھی اس فلم کو مزید کئی فیسٹیولز میں اسکریننگ کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اکثر ہارر فلموں کے ساتھ اس قسم کے واقعات جڑ جاتے ہیں جیسے رواں سال جون میں ہولی وڈ فلم دی کونجیورنگ 2 کو سینما میں دیکھتے ہوئے ایک شخص ہارٹ اٹیک سے انتقال کرگیا تھا۔
یہ واقعہ انڈین ریاست تامل ناڈو کے قصبے ترونامالائی میں پیش آیا تھا جہاں کے ایک سینما میں فلم کے اختتام کے قریب 65 سالہ شخص کو سینے میں درد اٹھا۔
اس شخص کو فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ وہاں چل بسا۔
From Dawn News
0 Comments: