ہندوستان کی تیزاب گردی کا شکار ہونے والی ریشما قریشی نے پہلی بار نیو یارک فیشن ویک میں ریمپ پر واک کی جس کے بعد انہیں شائقین کی خوب داد ملی۔
شو کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریشما قریشی کا کہنا تھا کہ ’مجھے بہت اچھا لگا اور ریمپ پر واک کا تجربہ کافی اچھا تھا‘۔
19 سالہ ریشما نے نیو یارک فیشن ویک کے پہلے روز ہندوستانی ڈیزائنر ارچنا کوچر کے بنایا ہوا جوڑا پہنا جس کے بعد وہ ریمپ پر جلوے بکھیرتی نظر آئیں۔
ریشما کو اس فیشن ویک میں ایک فیشن پروڈکشن کمپنی کی جانب سے لایا گیا جو گزشتہ سال ڈاؤن سنڈروم کی ایک مریض کو بھی بطور ماڈل اس فیشن شو میں لا چکے ہیں۔
ریشما کے مطابق اس کے بعد ان کی زندگی کافی تبدیل ہوچکی ہے، انہیں امید ہے کہ اس فیشن شو میں ان کی شرکت سے لوگوں کو ایک مضبوط پیغام ملا ہوگا اور تیزاب گردی کا شکار لوگ خود پر بھروسہ کریں گے۔
فیشن شو سے ایک رات قبل میڈیا سے گفتگو میں ریشما نے بتایا تھا کہ ’ہم کیوں اپنی زندگی کا لطف نہ اٹھائیں؟ ہمارے ساتھ جو کچھ بھی ہوا اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں، ہمیں اپنی زندگی میں آگے بڑھنا چاہیے‘۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں ایک اندازے کے مطابق ہر سال ایک ہزار سے زائد خواتین تیزاب گردی کا شکار ہوتی ہیں۔
ریشما قریشی پر 2014 میں ان کے بہنوئی نے تیزاب سے حملہ کیا تھا، اس واقع کے بعد سے وہ ہندوستان میں تیزاب کی کھلے عام فروخت پر پابندی کی مہم کا حصہ ہیں۔
وہ اس حادثے کے بعد سے یوٹیوب پر تیزاب گردی کا شکار ہوئے افراد کے لیے میک اپ ویڈیوز بھی بناتی آرہی ہیں۔
اس حوالے سےریشما کا کہنا تھا کہ ’میں دنیا سے یہ کہنا چاہتی ہوں کہ ہمیں کمزور نہ سمجھیں، ہم بھی آزادی سے باہر جاسکتے ہیں‘۔
0 Comments: