نوجوانوں کی اکثریت پر مشتمل آبادی کو آپ اپنے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے کیسے قائل کریں گے؟ یقیناً آپ کو ان کی خواہشات اور ضروریات کا خیال رکھنا ہوگا، کم از کم ہندوستانی سیاستدانوں کو تو ایسا ہی لگتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اکلیش یادیو نے 2 لاکھ روپے سے کم سالانہ آمدنی رکھنے والے خاندانوں کے تمام نوجوانوں کو مفت اسمارٹ فونز فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اکلیش یادیو کی سماج وادی پارٹی کی حکومت کا کہنا ہے، 'یہ اسمارٹ فونز غریب نوجوانوں کو حکومتی منصوبوں اور پالیسیوں سے آگاہ رکھنے کا کام کریں گے'۔
جو نوجوان مفت فون کا خواہشمند ہوگا اسے آن لائن رجسٹریشن کرانا ہوگی جس کا آغاز آئندہ ماہ سے ہوگا۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اتر پردیش میں اگلے سال کے آغاز میں انتخابات ہونے والے ہیں۔
ساتھ ہی اکلیش یادیو نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ مفت اسمارٹ فونز 2017 کی دوسری ششماہی میں نوجوانوں کو ملنا شروع ہوجائیں گے یعنی انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ موبائل فونز حاصل کرنے کے لیے لوگوں کو ان کی پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانا ہوگا۔
یہ پہلی بار نہیں کہ اکلیش یادیو نے جدید ڈیوائسز کو ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا ہے، 2011 کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد 2012 میں انہوں نے مفت لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی لاگت سو کروڑ انڈین روپے تھی۔
مگر وہ اپنے وعدوں سے مکرنے سے بھی نہیں شرماتے، اگرچہ ان کی حکومت نے کروڑوں ڈالرز سے لیپ ٹاپس خرید بھی لیے تھے مگر بتدریج ان ڈیوائسز کی فراہمی روک دی گئی جسے گزشتہ سال محدود پیمانے پر پھر شروع کیا گیا۔
اکلیش یادیو واحد سیاستدان نہیں ہیں جو ووٹرز کو اس طرح سے للچاتے ہیں، بلکہ جنوبی ہندوستان کی ریاست تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للیتا نے بھی رواں سال وعدہ کیا تھا کہ انتخابات جیتنے کی صورت میں ان کی حکومت ہر راشن کارڈ رکھنے والے کو ایک موبائل فون فراہم کرے گی، جبکہ 10 ویں اور 12 ویں جماعت کے طالبعلموں کو انٹرنیٹ کے ساتھ مفت لیپ ٹاپس فراہم کیے جائیں گے، جبکہ عوامی مقامات پر مفت بجلی اور وائی فائی کی سہولت بھی ان طالبعلموں کو دی جائے گی۔
پاکستان میں بھی اس طرح کے اقدامات کا اعلان کیا جاتا ہے، وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کی جانب سے یونیورسٹی کی سطح پر طالبعلموں کو مفت لیپ ٹاپ دینے کی اسکیم پر عملدرآمد ہورہا ہے جبکہ کراچی میں گزشتہ سال دسمبر میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر کچھ یونین کونسلز میں سیاسی جماعتوں نے کامیابی کی صورت میں مفت ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
0 Comments: