فیس بک ویڈیو چیٹنگ ایپ اسنیپ چیٹ کے فیچرز چوری کرنے سے خود کو روک نہیں پارہی ہے، گزشتہ دنوں انسٹاگرام میں اس ایپ کا اسٹوریز کا فیچر متعارف کرایا اور اب میسنجر میں اسنیپ چیٹ جیسا انسٹنٹ ویڈیو فیچر پیش کردیا ہے۔
فیس بک میسنجر میں ویڈیو کالنگ کا آپشن تو گزشتہ سال سامنے آیا تھا مگر چونکہ اس کا استعمال زیادہ نہیں ہوتا تو اب اس نے انسٹنٹ ویڈیو کو متعارف کرایا ہے۔
فیس بک کا اس فیچر کے حوالے سے کہنا ہے " سب سے پہلے آپ اور آپ کا دوست اینڈرائیڈ یا آئی او ایس پر میسنجر کا نیا ورژن اپ ڈیٹ کریں، پھر میسجنگ ونڈو پر ویڈیو آئیکون پر کلک کرکے رئیل ٹائم ویڈیو کی شیئرنگ شروع کریں، اس میں آڈیو بائی ڈیفالٹ بند ہوگا تاہم آپ چاہے تو اسے آن کرسکتے ہیں، آپ کی ویڈیو ٹیکسٹ بات چیت کے اوپر اڑتی رہے گی اور آپ کا دوست ٹیکسٹ میسجز کا جواب دیتے ہوئے اسے دیکھتا رہے گا اور وہ چاہے تو جوابی ویڈیو شیئر کرے گا"۔
فیس بک نے گزشتہ چند ماہ کے دوران اپنی ایپس میں کافی تبدیلیاں کی ہیں، انسٹاگرام سے ہٹ کر نوجوانوں کے لیے خاص طور پر ایک نئی ویڈیو ایپ متعارف کرائی، واٹس ایپ ڈیٹا فیس بک سے شیئر کرنے کا اعلان کیا۔
فیس بک میسنجر کے صارفین کی تعداد اسنیپ چیٹ سے بہت زیادہ ہے اور ان کے لیے انسٹنٹ ویڈیو کا یہ فیچر واقعی کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔
تاہم دوسری جانب اس سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ اسنیپ چیٹ کو فیس بک اپنے لیے بڑا خطرہ سمجھتی ہے اور وہ اس کو ہر صورت میں دبا دینا چاہتی ہے، جس کے لیے وہ اکثر کوششیں کرتی رہتی ہے۔
جیسے گزشتہ دنوں اس نے اسنیپ چیٹ اسٹائل کا کیمرہ اوپن کرنے، فلٹرز اور اسٹیکرز وغیرہ کا فیچر متعارف کرایا جو فی الحال محدود تعداد میں صارفین کو دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ فیس بک نے 2013 میں اسنیپ چیٹ کو خریدنے کی کوشش کی تھی جو ناکام ثابت ہوئی اور اب تین سال بعد یہ فوٹو شیئرنگ سائٹ بہت تیزی سے دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے مدمقابل آرہی ہے۔
0 Comments: