ممبئی: بولی وڈ اداکارہ ودیا بالن کو ڈینگی کی تشخیص ہونے کے بعد ان کا علاج جاری ہے، جبکہ شاہد کپور سمیت ان کے 2 پڑوسیوں کو بریہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی جانب سے گھر میں مچھروں کی افزائش روکنے میں غفلت پر نوٹس جاری کردیا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ودیا بالن کو جمعہ 16 ستمبر کو ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔
دوسری جانب رواں ماہ ممبئی کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے شبہ میں تقریباً 15 سو کے قریب مریض لائے جاچکے ہیں، جبکہ بی ایم سی کے محکمہ صحت کے مطابق شہر کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے 122 مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈینگی کیسز میں اضافے کے بعد جمعہ 16 ستمبر کو بی ایم سی کے انسیکٹی سائیڈ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ممبئی کے جوہو روڈ پر واقع پرانیتا اپارٹمنٹس کا معائنہ کیا گیا اور معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ شاہد کپور کے اپارٹمنٹ میں واقع سوئمنگ پول ڈینگی پھیلانے والے مچھروں کی افزائش کا باعث بن رہا ہے، جس پر انھیں بی ایم سی ایکٹ برائے 1888 کی دفعہ 382 کے تحت نوٹس دیا گیا، جس کے تحت 10 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ شاہد کپور، ودیا بالن کے فلیٹ سے 2 فلور نیچے رہائش پذیر ہیں، جبکہ تیسرے فلور پر رہنے والے ودیا بالن کی ایک اور پڑوسی کو بھی مچھروں کی افزائش کی وجہ بننے پر نوٹس دیا گیا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس بھی بی ایم سی نے اداکار انیل کپور، جوہی چاولہ اور گلوکار کشور گنگولی کو اپنے گھروں میں مچھروں کی افزائش روکنے کے مناسب اقدامات نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق شاہد کپور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اداکار بی ایم سی کے معائنے اور مچھروں کی افزائش کی نشاندہی کرنے پر کارپوریشن کے شکرگزار ہیں، خاص کر اُس صورت میں کہ ان کے گھر میں ایک چھوٹی بچی بھی موجود ہے'۔
دوسری جانب ہندوستان ٹائمز کے مطابق بی ایم سی عہدیدار نے ودیا بالن کی بیماری کے متعلق تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
0 Comments: