اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میں بدترین کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کارکردگی کو ناقابل برداشت قرار دے دیا۔
وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر نوٹس لیتے ہوئے اپنے دفتر میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ اور ڈائریکٹرجنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ نے شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ماضی میں اس طرح کی افسوس ناک صورت حال کا سامنا کرنا نہیں پڑا اور یہ کارکردگی پوری قوم کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 'حکومت اس ذلت آمیز صورت حال کو خاموش تماشائی کی طرح برداشت نہیں کر سکتی'۔
انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تیسرے میچ میں تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ 444 رنز ترتیب دیا تھا اور قومی ٹیم کو 169 رنز سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مزید پڑھیں: تاریخ ساز میچ میں انگلینڈ کی فتح
انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ٹیم کی خامیوں کی نشان دہی کرکے کرکٹ کی دنیا میں اپنی برتری دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
ریاض حسین پیرزادہ نے اسپورٹس بورڈ کے اہلکاروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ستمبر کے تیسرے ہفتے میں صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد میں سمینار کاانتظام کرے جس میں مسائل کے فوری تدارک کے لیے کھیلوں سے متعلقہ افراد کی مدد سے سفارشات مرتب کی جائیں۔
انھوں نے یقین دلایا کہ ان کی وزارت قلیل اور طویل مدتی منصوبہ بندی کے ذریعے ملک میں کھیلوں میں بہتری لائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ریکارڈ ساز میچ: کیا بنا، کیا ٹوٹا؟
اظہرعلی کی قیادت میں قومی ٹیم کو سیریز کے ابتدائی تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث سیریز میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان ٹیم کو ورلڈکپ 2019 میں براہ راست رسائی کے لیے ستمبر 2017 سے پہلے آئی سی سی کی درجہ بندی میں سرفہرست 7 ٹیموں میں جگہ بنانی ہے۔
مزید پڑھیں: 'انگلینڈ نے 20 سے 30 رنز کم بنائے'
قومی ٹیم اس وقت درجہ بندی میں بدترین نوویں پوزیشن پر براجمان ہے۔
0 Comments: