کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید کی تیاریوں میں صارفین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے تمام بینکوں کو ہفتے کے روز بھی کام کرنے کا حکم دیا تھا لیکن نیشنل بینک آف پاکستان کے سسٹم نے کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔
کراچی، لاہور، پشاور سمیت ملک بھر میں نیشنل بینک کے صارفین نے عید کی تیاریوں کے لیے رقم کے حصول کیلئے صبح سویرے بینک پہنچے لیکن انھیں اس وقت کوفت کا سامنا کرنا پڑا جب بینک کا کمپیوٹر نظام خراب ہوگیا۔
سسٹم خراب ہونے کے باعث بینک کے باہر بزرگ پینشنرز اور عوام کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
واضح رہے اسٹیٹ بینک نے عید کے پیش نظر تمام بینکوں کو ہفتے کے روز بھی کام کرنے کی ہدایت جاری کی تھی جبکہ جمعے کو سالانہ چھٹی کے باعث بینک بند تھے دوسری حکومت کی جانب سے عید کی تعطیلات کے اعلان کے مطابق پیر کو بینکوں کا آخری ورکنگ ڈے ہوگا۔
#مزید پڑھیں: عید الفطر: بینک ہفتے کو بھی کھلیں گے
کراچی کی طرح رحیم یارخان میں بھی پنشنرز کو نینشل بینک سے پیسے وصول کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جہاں نیشنل بینک کی مرکزی برانچ کا سسٹم خراب ہوگیا جس کے باعث سیکڑوں صارفین اپنے چیک کیش نہیں کرواسکے۔
رحیم یار خان میں صبح 8 بجے سے قطار میں کھڑے پنشنرز اور صارفین کے بینک عملے میں تلخ کلامی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق نیشنل بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں قائم 1400 برانچز پر بہت زیادہ دباؤ ہے اور صورت حال آہستہ آہستہ بہتر ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ 16 لاکھ پنشنرز نیشنل بینک سے پنشن حاصل کرتے ہیں اور اکثر پنشنرز کو آج رقم مل جائے گی۔
واضح رہے عید کے موقع بینک کے نظام اکثر خراب ہوجاتے ہیں جبکہ ماضی میں اسٹیٹ بینک بینکوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کرتا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر کی 4 روزہ تعطیلات کا اعلان
یاد رہے کہ عید الفطر کے موقع پر عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جولائی کے ابتدائی 10 ایام میں ہفتے کے روز بینک کھلے رکھنے کی ہدایت کی تھی۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا یکم جولائی کو بینک ہالی ڈے ہوگا جبکہ 2اور 9جولائی کو ہفتے کا دن ہونے کے باوجود کھاتے داروں کی سہولت کے لیے بینک کھلے رکھے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: نئے کرنسی نوٹوں کیلئے ایس ایم ایس سروس پھر شروع
اس سے قبل بینک ہالی ڈے پھر ہفتہ وار تعطیل اور پھر عید کی تعطیلات کی وجہ سے صرف ایک دن یعنی پیر 4 جولائی کو بینک کھلنا تھا تاہم عوام کی سہولت کیلئے اسٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ہفتے کو بھی کام جاری رکھیں۔
اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی تھیں کہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایم میں بھرپور کیش رکھیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

0 Comments: