Navigation Menu

'روسی بہو' کا ہندوستانی ساس کے خلاف دھرنا


آگرہ: ہندوستان میں ایک روسی خاتون بھی جہیز کی لعنت کا شکار ہوگئی اور ساس کی جانب سے گھر سے نکالے جانے کے بعد روسی بہو نے گھر کے باہر ہی دھرنا دے کر بھوک ہڑتال شروع کردی۔
ہندوستان کے مقامی اخبار دی ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق گھر سے نکالے جانے کے بعد روس سے تعلق رکھنے والی اولگا ایفی مینکووا آگرہ میں موجود اپنے گھر کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئیں۔
ایفی مینکووا نے 2011 میں ہندوستانی نوجوان وکرانت سنگھ چندل سے شادی کی تھی اور ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی ساس نے ان سب کو گھر میں داخل ہونے سے منع کردیا ہے جس کی وجہ سے مجبوراً انھوں نے گھر کے باہر ہی ڈیرے ڈال لیے۔
ایفی مینکووا کا کہنا تھا کہ جب تک ان کی ساس انھیں گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گی وہ گھر کے باہر احتجاج جاری رکھیں گی۔
ایفی مینکووا کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں غیر ملکی ہونے اور جہیز نہ لانے کی وجہ سے تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب وکرانت نے بھی اپنی اہلیہ کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ اکثر ایفی مینکووا پر تشدد کرتیں اور اس سے جہیز کا مطالبہ کرتی ہیں، وہ 11 لاکھ روپے کا مطالبہ کررہی ہیں جو ہمارے پاس نہیں ہیں۔

ساس کا موقف

وکرانت کی ماں اور ایفی مینکووا کی ساس کا کہنا ہے کہ وہ تو خود ایک کمرے میں رہتی ہیں اور گھر بیٹی کو تحفے میں دے چکی ہیں۔
انہوں نے اپنے بیٹے اور بہو پر الزام لگایا کہ وہ اکثر گھر میں جوا کھیلتے رہتے ہیں۔

ہندوستانی وزیر خارجہ کی مداخلت

روسی خاتون کے اس انوکھے احتجاج کی خبریں میڈیا پر آنے کے بعد ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی مداخلت کی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اکھیلیش یادیو کو معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی۔
سشما سوراج کی ہدایت کے بعد اس معاملے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

وزیراعلیٰ کی کوششوں سے تنازع حل

آخرکار وزیرخارجہ سشما سوراج اور وزیراعلیٰ اکھیلیش یادیو کی کوششوں سے تنازع حل ہوگیا، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیاکہ ایفی مینکووا اور ان کی ساس کے درمیان صلح ہوگئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایفی مینکووا کو رہنے کے لیے گھر میں جگہ بھی دے دی گئی۔
تنازع کو جلد حل کرنے پر وزیر خارجہ سشما سوراج نے وزیراعلیٰ اتر پردیش کی تعریف کی اور کہا ہے کہ ایسے واقعات سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے۔
دوسری جانب تنازع حل ہونے کے بعد ایفی مینکووا نے بھی سشما سوراج اور وزیر اعلیٰ اتر پردیش کا شکریہ ادا کیا۔


تنازع حل ہونے کے بعد روسی بہو اپنی ساس سے گلے مل رہی ہے—فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر
تنازع حل ہونے کے بعد روسی بہو اپنی ساس سے گلے مل رہی ہے—فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر

0 Comments:

'; (function() { var dsq = document.createElement('script'); dsq.type = 'text/javascript'; dsq.async = true; dsq.src = '//' + disqus_shortname + '.disqus.com/embed.js'; (document.getElementsByTagName('head')[0] || document.getElementsByTagName('body')[0]).appendChild(dsq); })();

Follow @ FOASNEWS