امریکا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 9 نومبر سے 13 نومبر تک پیئرلینڈ میں موسیٰ اسٹیڈیم پر منفرد تصور کے ساتھ ٹو10 کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوگا۔
ٹو10 کرکٹ کے چیئرمین محمود شوکت نے ایک پریس کانفرنس میں ٹورنامنت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 'وہ طویل عرصے سے ٹی ٹوئنٹی طرز کو دو اننگزمیں تقسیم کرنے کے تصور پر سوچ رہے تھے'۔
محمود شوکت نے حاضرین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ٹیسٹ میچز کرکٹ کے دل اور روح ہیں جہاں ٹیموں کو دوسری اننگز میں میچ میں واپسی کا موقع ملتا ہے لیکن امریکا میں کرکٹ کے لیے ٹیسٹ طرز بہت طویل ہے جس کے لیے ایک حل کی ضرورت تھی جو ٹو10 کرکٹ ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ طرز ٹیسٹ کرکٹ کے انداز میں ٹی ٹوئنٹی کا جوش مزید بڑھادے گا۔
ٹو10 یو ایس اے کپ 2016 میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور 5 روز میں 15 میچ کھیلے جائیں گے جبکہ ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے عبدالرزاق، کامران اکمل، سعید اجمل جبکہ ویسٹ انڈیز،انگلینڈ، متحدہ عرب امارات، نیپال اور امریکی کھلاڑی اس دلچسپ ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

محمود شوکت کا کہنا تھا کہ 'دل کو چھونے والی بات یہ کہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس ٹورنامنٹ ٹو10 یوایس اے کپ 2016 کی منظوری دی ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم آنےوالے سالوں میں اس ٹورنامنٹ میں مزید ٹیمیں اور کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے لیے پرعزم ہیں'۔
اس موقع پر موسیٰ کرکٹ اسٹیڈیم کے مالک اور ٹو10 کرکٹ کے شراکت دار سخمی محمد نے خطے میں کرکٹ کی باقاعدہ ترقی کے موضوع پر روشنی ڈالی۔
ٹورنامنٹ کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کو چار حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم 10 اوور کھیلے گی جس کے بعد دوسری ٹیم اتنے ہی اوورز کھیلے گی'۔
'دونوں ٹیموں کے درمیان رنز کے فرق سے برتری واضح ہوگی جبکہ دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو فالوآن سے بچنے کے لیے پہلی ٹیم کے اسکور کا 50 فی صد عبور کرنا پڑے گا'۔
سخی محمد نے کہا کہ 'جیتنے والی ٹیم دو پوائنٹس حاصل کرے گی اور فالووآن کرانے کی صورت میں ایک بونس پوائنٹ بھی دیا جائے گا'۔
ٹو10 ٹورنامنٹ کا آغاز 9 نومبر کو ہوگا۔
0 Comments: